یمنی وزیراعظم کا عدن کے تباہ شدہ علاقوں کا علامتی دورہ
عدن (اے پی پی) یمن کے وزیر اعظم خالد بحاح نے اپنی جلا وطنی کے اختتام پر بندرگاہی شہر عدن پہنچنے پر شہر کے تباہ حال علاقوں کا ایک علامتی دورہ کیا۔ دو ہفتے قبل ہی ملکی فورسز نے حوثی شیعہ باغیوں کو اس اہم شہر سے نکال دیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق خالد بحاح وہ پہلے اعلیٰ حکومتی اہلکار ہیں، جو باغیوں کے خلاف اس حالیہ کامیابی کے بعد وطن لوٹے ہیں۔ بحاح نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے اپنے وزراء سے ایک خصوصی ملاقات بھی کی۔ ادھر صنعاء پر قابض حوثی باغیوں اور صدر منصور ہادی کی حامی افواج کے مابین لڑائی کی بھی اطلاعات ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق یمن کے بحران کی وجہ سے اب تک چار ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملک کی 21 ملین کی آبادی میں سے 80 فیصد کو امداد اور تحفظ کی ضرورت ہے۔