ہڑتال ناکام بنانے پر ممنون ہیں، تاجروں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرینگے: خواجہ تنویر اشرف
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )بنک ٹرانزیکشن ٹیکس پرآج ہونے والے مذاکرات کے بعد ٹریڈرز ونگ تاجر برادری کی مشاورت سے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی‘تاجر برادری کے تحفظات کا بھرپور دفاع کیا جارہا ہے‘ ہم ہر حال میں تاجروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے نائب صدر وچیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی چیمبر آف کامرس برائے ٹریڈرز خواجہ تنویر اشرف نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یکم اگست کو ہڑتال کرنے والے ناکام رہے ہیں ہم اس ہڑتال کو ناکام بنانے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 3 اگست کو ایف بی آر حکام کے ساتھ مذاکرات کا نیا دور ہورہا ہے‘ اس کے بعد شام سات بجے ٹریڈرز ونگ تاجر برادری کی مشاورت سے اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں جن باتوں پر تاجروں اور حکومت کا اتفاق رائے ہوچکا ہے اس کا فوری اعلان کیا جائے۔