بہتر مارکیٹنگ سے اربوں ڈالر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے: ماہرین
اسلام آباد (اے پی پی) مارکیٹنگ کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ ملک کی ثقافت اور روایات کی بہتر مارکیٹنگ سے سالانہ اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے ۔ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں لیکن بد قسمتی سے ہم اپنی ثقافت اور رسم و رواج کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش نہیں کر سکے جسکی وجہ سے ہماری سیاحت نے مطلوبہ ترقی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت ، روایتی خوبصورتی ، اور لوک ورثہ کی موثر تشہیر سے سیاحت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین تاریخی اور ثقافتی حوالے سے انتہائی اہم ہے اور فلم ، ٹی وی ، آرٹ ، فیشن ، پاپ میوزک ، قوالی ، پینٹنگ ، کھیل ، لوک موسیقی ، کلاسیکل موسیقی ، ہارس اینڈ کیٹل شو ، کوہ پیمائی سمیت دیگر ثقافتی اور سماجی ورثے کی تشہیر کے ذریعے سالانہ اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے ۔