میری فلم کریئچر تھری ڈی لوگ ہضم نہیں کر پائے: عمران عباس
لاہور (آئی این پی) بالی ووڈ میں اپنی پہلی فلم کریئچر تھری ڈی کی ناکامی سے مایوس پاکستانی فلم اور ٹی وی اداکار عمران عباس کا کہنا ہے کہ وہ اب فلموں کے انتخاب میں بہت احتیاط برت رہے ہیں، ان کی فلم کریئچر تھری ڈی ایک تجرباتی فلم تھی لیکن لوگ اسے ہضم نہیں کر پائے۔ بالی ووڈ کا حصہ بنتے ہوئے میں نے ایک غلطی کی اور ایک ایسی فلم سائن کی جس کی کامیابی کا مجھے خود بھی پورا یقین نہیں تھا۔ کریئچر تھری ڈی عام فلموں سے کافی ہٹ کر تھی، مجھے سکرپٹ اچھا لگا اور میں نے فلم سائن کر لی لیکن یہ ناکام ہوئی کیونکہ لوگ شاید اسے سمجھ ہی نہیں پائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اب فلموں کے انتخاب میں کافی محتاط ہو گیا ہوں۔ اس فلم کے بعد میں نے مزید کوئی فلم سائن نہیں کی کیونکہ میں اب بہت سوچ سمجھ کر ہی کوئی فلم سائن کرونگا۔