پی سی بی نے صلاح الدین صلو کو نوکری دیکر زبان بندی کرا دی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ کے خلاف سخت تنقید سابق چیف سلیکٹر کو راس آ گئی۔ پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹ کو ماہانہ بھاری مراعات دیکر اپنے حق میں قصیدے لکھوانے شروع کر دیئے ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کو بورڈ کے سابق چیئرمین اور موجودہ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے انہیں سندھ میں گراونڈز کی دیکھ بحال کی ذمہ داری سونپی تھی‘ انہیں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں بھی دفتر دے رکھا ہے۔ سندھ میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہوتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر کو گراونڈز کی دیکھ بحال کے لیے تعینات کرنا حیران کن ہے۔ سابق چیف سلیکٹر نے پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ کی مہربانی پر اخبارات میںبورڈ کے حق میں قصیدے لکھنا شروع کر رکھے ہیں پی سی بی نے اپنے خلاف بیان بازی کرنیوالے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو روکنے کےلیے مختلف لالچ دیکر زبان بندی کرائی رکھی ہے۔سابق فاسٹ باولرز سرفراز نواز اور سابق کپتان عامر سہیل کو بورڈ کے خلاف بیان بازی سے روکنے کےلیے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔پی سی بی عہدیدار کا کہنا تھا کہ بورڈ ہر تنقید کرنے والے کو نوکری نہیں دے سکتا ہے۔ صلاح الدین صلو کا تعلق کراچی سے ہے انہیں سابق چیئرمین کے دور میں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جس پر وہ کام کر رہے ہیں۔