ایم کیو ایم کا حیدرآباد میں تھیلیسیمیا مریضوں کیلئے کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد(نامہ نگار)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حیدر آباد زون میں موجود ذمہ داران کا اجلاس طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کرونا وائرس لاک ڈاون کے سبب ایم کیوایم حیدر آباد زون کی فلاحی سرگرمیوں میں مصروف ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، حیدر آباد زون کے انچارج و ذمہ داران سے ویڈیو لنک کے ذریعے تفصیلات معلوم کیں۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن اگلے ہفتے حیدر آباد میں بھی تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کیلئے خون جمع کرنے کا کیمپ قائم کریگی۔ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل اور حیدر آباد زون کے ذمہ داران نے کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کو حیدر آباد میں جاری خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی اور امداری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آگاہ کیا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن حیدر آباد کے زیر اہتمام اب تک ہزاروں مستحق افرار میں غذائی اجناس کی تقسیم کی جاچکی ہے جبکہ ایم کیوایم پاکستان اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضا کار مخیر حضرات کے تعاون لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کیلئے غذائی اجناس کا بندوبست کررہے ہیں جو جلد عوام میں تقسیم کردیا جائے گا۔