ٹریک بحالی کے باوجود ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار,مسافر پریشان

گزشتہ روز رحیم یار خان کے قریب پیش آنے والے مال گاڑی حادثے کے باعث کراچی سے اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر کی وجہ سے مسافر پریشان ہیں۔رحیم یار خان کے قریب مال گاڑی کے حادثے کے 16 گھنٹے بعد ریلوے ٹریک بحال ہو گیا، مگر ٹرینیں 20 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہیں۔کینٹ اسٹیشن کراچی پر اندرون ملک جانے والے مسافروں کا رش لگ گیا، ٹرینوں کی تاخیر سے بحالی کے باعث متعدد ٹرینیں تاحال روانہ نہیں ہو سکی ہیں۔پاکستان ایکسپریس 17 گھنٹے کی تاخیر کے بعد کینٹ اسٹیشن سے راولپنڈی کے لییروانہ ہو گئی۔علامہ اقبال ایکسپریس 22 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے کراچی کے کینٹ اسٹیشن پہنچ گئی،اس ٹرین کو گزشتہ صبح 8 بجے کینٹ اسٹیشن پہنچنا تھا اور کل دوپہر 12 بجے کراچی سیروانہ ہونا تھا۔پاکستان ایکسپریس 19 گھنٹے تاخیر سے کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچی، اسے منگل کی صبح 8 بجے کراچی پہنچنا تھا۔ملت ایکسپریس، عوام ایکسپریس، زکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کی آمدمیں بھی تاخیر ہے، مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں، اس پر ستم یہ ہے کہ ریلوے انتظامیہ غائب ہے اور شہری پریشان ہیں۔ریلوے حکام کی ٹریک بحال کرنے میں اس روایتی سستی کے باعث مسافروں کو خون کے آنسو رونا پڑ گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کب ٹرینیں چلیں گی اور وہ کب اپنی منزل پر پہنچ سکیں گے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام نے انہیں ٹرینوں کے لیٹ ہونے سے متعلق آگاہ بھی نہیں کیا۔