ضلع ملتان میں وزیراعظم ترقیاتی سکیموں کا 70 فیصد کام مکمل ہو گیا: کمشنر
ملتان (خبر نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمدبٹ نے کہا ہے کہ ملتان بھر میں وزیراعظم ترقیاتی سکیموں کی فیز IIمیں 2352ملین روپے کی 1554 سکیموںکا 70فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ تمام سکیمیں اپریل کے آخر تک مکمل کرلی جائیں گی۔فیز IIمیںضلع ملتان کی 424، خانیوال 769، وہاڑی277 اورلودھراں کی 84سکیمیں شامل ہیں جبکہ فیز Iکی 4900ملین روپے کی 3591سکیموں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ کمشنر ملتان کی جانب سے یہ بریفنگ سیکرٹری پارلیمانی افیئرز شیخ آفتاب کی زیرصدارت ہونے والی پنجاب بھر کی ڈویژنل ترقیاتی سکیموں کے ویڈیو لنک جائزہ اجلاس میں دی گئی۔ سکیموں کی تکمیل میں پنجاب بھر میں پہلا نمبر حاصل کرنے پر شیخ آفتاب نے ملتان ڈویژن کی کارکردگی کو بھی سراہا۔