پاک افغان ایکشن پلان پر بات چیت کیلئے پاکستان کا اعلی سطح کا وفد کابل پہنچ گیا
کابل(صباح نیوز) پاک افغان ایکشن پلان پر بات چیت کے لیے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی سربراہی میں پاکستان کا اعلی سطح کا وفد کابل پہنچ گیا۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق پاکستان کا اعلی سطح کا وفد سول و عسکری حکام پر مشتمل ہے جس میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت حکومتی نمائندے شامل ہیں۔پاکستان وفد افغانستان میں حکومتی اور عسکری قیادت سے ملاقات کرے گا جس میں دوطرفہ تعلقات، تعاون، پاک افغان بارڈر کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر 6 اپریل کو افغانستان روانہ ہوں گے۔