سازش کے تحت ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے: مولانہ طارق جمیل
ملتان (نامہ نگار خصوصی) عالمی مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ مدارس اسلام کے قلعے اور جنت کے باغیچے ہیں پوری دنیا میں پاکستان جیسا مدارس کا مثالی نظام نہیں ہے سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے خدارا فرقہ واریت نہ پھیلاؤ معاملات پر تیل ڈالنے کی بجائے پانی ڈال کر ٹھنڈا کیا جائے تاکہ معاشرے میں امن قائم ہو سکے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ دینی مدارس دین کی خدمت کر رہے ہیں دین کی اشاعت اور ترویج میں مدارس کے طلباء اور علماء کا کردار فراموش نہیں کیاجا سکتا ختم بخاری شریف کے عظیم اجتماع کے انعقاد پر قاری محمد حنیف جالندھری کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ خیرالمدارس ملتان کے تعلیمی سال کے اختتام کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجتماع کی صدارت وفاق المدارس العربیہ کے ناظم اعلیٰ اور جامعہ کے مہتمم مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کی جبکہ عالمی مبلغ اسلام مولانا محمد طارق جمیل اور رکن قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر مولانا طارق جمیل نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کے ساتھ شفقت کے ساتھ پیش آئیں ان کو اپنی جائیداد نہ سمجھیں اور نہ ان پر حکمرانی کریں مدارس اللہ کی رحمت کے مراکز ہیں جس میں قرآن سیکھا اور سکھایا جاتا ہے انہی مدارس کی وجہ سے اللہ کاعذاب ٹالا جائے گا روکھی سوکھی کھا کر چٹائیوں پر بیٹھ کر بچوں کو اللہ اور اسکے رسولؐ کی تعلیم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی شادیاں کرنے سے پہلے ان سے مشاورت ان پر حکمرانی نہ کریں بلکہ ان کی عزت کریں۔ بیٹا عیب کرے تو پردہ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ بیٹی پسند کی شادی کرے تو غیرت کے نام پر قتل کر دیا جاتا ہے یہ کہاں کا انصاف ہے ہمارے نبیؐ نے حضرت بی بی فاطمہؓ کے رشتے کے وقت ان سے مشاورت کر کے ہاں کی تھی اسلام میں خواتین کو عزت و احترام دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ مدارس کے باعث اللہ کا دین آنے والی نسلوں تک منتقل ہو رہا ہے مدارس کے اساتذہ طلباء پر تشدد نہ کریں بلکہ پیار و محبت کے ساتھ ان کو پڑھائیں مدارس سے ملنے والا علم سچائی حقیقت کا راستہ ہے جس سے محبت کا درس ملتا ہے مدارس اس وقت کن کن حالات سے گزر رہے ہیں یہ کسی کو اندازہ نہیں ہے علماء کرام کی ان قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جائے گا انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم کو فروغ دینے میں مدارس کا اہم کردار ہے یہ مدارس زکوٰۃ کے ساتھ ساتھ اصل مال کے حقدار ہیں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ مدرسے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں مدارس کے طلباء پاکستان کی رضاکارانہ فوج ہے ہم نے پاکستان کے لئے خون دیا ہمیں دشمن نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام پر یقین رکھتے ہیں اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان کے لئے جانیں دیں گے۔ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے اس موقع پر ٹیلفونک خطاب کیا جبکہ اجتماع میں وفاق المدارس العربیہ جنوبی پنجاب کے ناظم مولانا زبیر احمد صدیقی مولانا نجم الحق مفتی محمد عثمان جالندھری مولانا محمد احمد جالندھری علامہ عبدالحق مجاہد مولانا اقبال بالاکوٹی مولانا منیر احمد منور مولانا عبدالقادر کشمیری مولانا محمد نواز پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار اور عبدالمحسن شاہین قاری رحمان اللہ و دیگر نے شرکت کی دریں اثناء عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ خیرالمدارس ملتان میں سالانہ 91 واں اجتماع کے موقع پر 202 حفاظ قراء 129 فضلاء کو دستار فضیلت دی گئی جبکہ طالبات میں 44 حافظات 15 فاضلات کی دوپٹہ پوشی کی گئی اجتماع میں ہزاروں طلباء و طالبات مرد خواتین نے شرکت کی قبل ازیں جامعہ خیرالمدارس ملتان میں سالانہ 91 واں اجتماع کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے تاہم چونگی نمبر 14 حافظ جمال روڈ پر بدترین ٹریفک جام رہی شہریوں کو آمدورفت میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔