بھارت میں دلت برادری کا احتجاج مظاہرین پر پولیس کا تشدد، 5 ہلاک
نئی دہلی (نوائے وقت نیوز) بھارت میں دلتوں پر تشدد کی سزاؤں کو کم کرنے کے خلاف دلت برادری نے احتجاج کیا۔ آگرہ، پنجاب، بہار اور اڑیسہ میں مظاہرین نے ٹرین سروس روک دی۔ مظاہرین پر تشدد سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے نچلی ذاتوں پر تشدد کرنے والوں کو دی جانے والی سزاؤں میں کمی کر دی گئی۔ سزاؤں میں نرمی کے خلاف دلتوں نے "بھارت بند" کے نام سے احتجاجی مہم شروع کر دی۔ آگرہ، پنجاب، بہار اور اڑیسہ میں دلت سڑکوں پر نکل آئے۔اگرہ میں مظاہرین پر پولیس نے تشدد کیا جس سے ہنگامے پھوٹ پڑے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور جواب میں ان پرآنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا گیا۔ مشتعل مظاہرین نے کئی دکانوں کو آگ لگا دی، ریلوے ٹریک بند کر دیے گئے جبکہ مختلف شہروں میں ٹرین سروس معطل ہو کر رہ گئی۔