مظالم سے کشمیر کی تحریک آزادی کو دبایانہیں جاسکتا، زاہد محمود قاسمی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )بھارت کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی شہادتیں بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ بھارتی مظالم سے کشمیر کی تحریک آزادی کو دبایانہیں کیا جاسکتا۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور دیر پا حل کیلئے کام کرے۔ مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کو تنہانہیں چھوڑیں گے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پر امن جدوجہد اور حق خود ارادیت کی کوشش کو کچلنے کیلئے بھارت کشمیری عوام پر ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔آزادی بنیادی انسانی حقوق کا حصہ ہے۔ کشمیری قوم کو پچھلے 70سال سے اس حق سے محروم رکھا گیاہے۔ کشمیری عوام کو پر امن اور آزادانہ زندگی جینے کا حق ملنا چاہئے۔ یہ بات علماء کونسل (قاسمی)کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے علماء سے گفتگو کرتے ہوئےکہی۔ انہوں نے عالمی برادری ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے اپنا کردار اداکرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بے دریغ قتل عام سے کشمیریوں کے خلاف کئی دہائیوں سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور کرنے کیلئے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر نہ پہلے کبھی بھارت کا حصہ تھا نہ آئندہ کبھی ہوگا۔