مولانا مسعود الرحمن کی مبینہ گمشدگی کیخلاف کارکنوں کا ایکسپریس وے پر احتجاج
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) اہلسنت و الجماعت کے رہنماء مولانا مسعود الرحمٰن عثمانی کی مبینہ گمشدگی کے خلاف کارکنان سراپا احتجاج بن گئے اور اسلام آباد ایکسپریس وے پر شدید احتجاج شروع کردیا جس سے ایکسپریس وے ،اسلام آباد ہائی وے ، مری روڈ ، فیض آباد اور کلب روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ایکسپریس وے پر جگہ جگہ ٹائر جلا دئے گئے جس سے ہر طرف دھواں پھیل گیا مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مولانا مسعود الرحمٰن عثمانی کو حکومت فوری بازیاب کرے اگر پولیس نے انہیں فوری بازیاب نہ کیا تو اہلسنت والجماعت اسلام آباد کے کارکن اسلام آباد ایکسپریس وے کو دونوں جانب سے بند کردیں گے دریں اثناء احتجاج کے دوران پولیس نے احتجاج کے دوران ایکسپریس وے اور دیگر سڑکوں کو ٹرکوں کی رکاوٹوں سے بند کردیاادھر ایس ایس پی اسلام آباد نجیب الرحمٰن بگوی نے کہا ہے کہ مولانا مسعود عثمانی کو کس نے اغواء کیا ہے اس کا ہمیں علم نہیں کسی کی جانب سے کسی تھانے میں کوئی درخواست بھی نہیں دی گئی پولیس ایکسپریس وے کھلوانے کیلئے مظاہرین کی قیادت سے مذاکرات کر رہی ہے مذاکرات میں مظاہرین نے عالم دین کی بازیابی کیلئے منگل کو دن گیارہ بجے تک کی ڈیڈ لائن دے دی جس کے بعد ایکسپریس وے کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔