جرمنی سے بیدخل 4 روسی سفارتکار ماسکو پہنچ گئے
برلن (اے ایف پی،نیوز ایجنسیاں) جرمنی سے بیدخل کئے گئے 4 سفارتکار ماسکو پہنچ گئے۔ برلن میں روس سفارتخانے نے تصدیق کردی ہے۔ سفیر سرگئی نچاووف نے کہا یورپی ممالک کے رویہ سے مایوسی ہوئی۔امریکہ اور جرمنی نے کہا ہے کہ روس سے سفارتی تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں، گزشتہ کچھ برسوں کے دوران روسی طرز عمل منفی رہا ، ہمیں خطے کے تنازعات کے حل اور خطے کو اسلحے سے پاک کر نے لیے روس کی بطور پارٹنر ضرورت ہے۔روس کی سفارتی سطح پر تعلقات کی معطلی کے بعد اب امریکہ اور جرمنی نے اس بات کی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ سفارتی تعلقات مرحلہ وار بحال کرنا چاہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے پیوٹن کو مارچ میں ملاقات کی دعوت دی تھی ۔برطانیہ میں سابقہ روسی جاسوس پر اعصاب شکن گیس حملے کے بعد سے برطانیہ اور روس کے درمیان حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔برطانیہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ، جرمنی اور کئی یورپی ممالک نے روس کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کردیئے تھے۔ماسکو میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ماسکو میں امریکی قونصل خانہ بند کردیا گیا ہے تاہم وہ مستقبل میں امریکہ روس تعلقات کی بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے۔جرمن وزیر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے گزشتہ کچھ برسوں کے دوران روسی طرز عمل منفی رہا جس کے باعث اعتماد کا فقدان رہا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں خطے کے تنازعات کے حل اور خطے کو اسلحے سے پاک کر نے لیے روس کی بطور پارٹنر ضرورت ہے۔جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ تعلقات مرحلہ وار استوار کرنا چاہتے ہیں بشرطیکہ روس بھی ایسا چاہتا ہو۔ ادھر روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا سابق جاسوس کو لندن میں زہر دینے کا فائدہ برطانیہ کو پہنچ سکتا ہے۔ سفارتکاروں کی بیدخلی کے تنازع کے بعد اقدام سامنے آیا۔