کوئٹہ فائرنگ کے واقعات میں لیویز اہلکار سمیت دس افراد قتل تیرہ زخمی
کوئٹہ (امجد عزیز بھٹی) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے 3مختلف واقعات میں خاتون سمیت 10افراد جاں بحق جبکہ بچی سمیت 5 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پیر کوکوئٹہ کے علاقے شاہ زمان روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے رکشے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون سمیت4افراد ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی جاں بحق ہونے والوں میں پرویز‘ فردوس‘ کامران اورطارق شامل ہیں جبکہ دوسرے واقعہ میں قمبرانی روڈ پر زمین کے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد ٹکری غلام رسول‘ اس کا بیٹا عبدالحمید‘ بشیراحمد امان اللہ اور لیویز سپاہی نوید احمد ہلاک جبکہ 4افراد شکیل احمد ‘پیر محمد ‘ماچھی خان زخمی ہو گئے جبکہ تیسرے واقعہ میں کوئٹہ کے علاقے دشت سبی روڈ پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص محمد اعظم کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل اسپتال پہنچادیا جہاں نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران فائرنگ کے 4 واقعات میں اب تک 12 افراد ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ بعدازاں کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر دو قبائل میں تصادم کے بعد لواحقین نے لاشیں اسپتال کے سامنے رکھ کر شدید احتجاج کیا جبکہ دوسری جانب معذور افراد نے احتجاجی مظاہرہ جاری رکھا جس کی وجہ سے خاص طورپر سرکاری دفاتر اور اسکولوں کی چھٹی کے وقت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین سکولوں کے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع ٹریفک پولیس کا کوئی بھی اہلکار نظر نہیں آیا لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک بحال کی۔
کوئٹہ/ فائرنگ واقعات