نگران وزیراعظم کیلئے مجھ سے موزوں کوئی نہیں ،لاہور ہائیکورٹ میں شہری کی درخواست پر سماعت ملتوی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم بننے کے خواہشمند شہری کی درخواست پر کارروائی ایک ہفتے تک ملتوی کردی ۔شہری کاکہناتھاکہ نگران وزیراعظم کے لیے مجھ سے موزوں شہری نہیں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے مرزا شوکت بیگ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے تاہم ملک کی تین بڑی سیاسی جماعتیں نگران وزیراعظم پر تاحال متفق نہیں ہیں۔ جس سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے، شہری قابل، سیاسی اور محب وطن ہے اور شہری آل پاکستان پارٹی کانگریس کے نام سے سیاسی جماعت بھی بنا رکھی ہے۔ جسٹس مامون الرشید نے استفسار کیاکہ آپ نے 2013میں بھی ایسی درخواست دائر کی تھی درخواست گزار نے بتایاکہ 2013میں درخواست کے فیصلہ سے قبل نگران وزیراعظم کا تقرر ہوچکا تھا عدالت نے درخواست گزار کو 2013کا عدالتی حکم نامہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کارروائی ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔