شہید کشمیر ی نوجوانوں میں سے کوئی بھی عسکریت پسند نہیں تھا‘ عمر عبداﷲ
اسلام آباد (جاوید صدیق) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداﷲ نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھارتی فوج کے جھوٹ کا پول کھول دیا ہے اور کہا ہے کہ شوپیاں اور دوسرے علاقوں میں جن گیارہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا ان میں سے کوئی بھی عسکریت پسند نہیں تھا۔ یہ سب شہداء کشمیری نوجوان تھے۔ عمر عبداﷲ نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیری نوجوانوں نے تحریک آزادی کشمیر میں بڑی تعداد میں شریک ہونا شروع کر دیا ہے اور انہوں نے بھارتی فوج کے خلاف مزاحمت کو تیز کر دیا ہے۔ عمر عبداﷲ نے کہا کہ کشمیر میں جو قتل و غارت ہو رہی ہے نئی دہلی میں کسی کو اس کی پرواہ نہیں ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا ذمہ دار موجودہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کو قرار دیا اور کہا کہ موصوفہ نئی دہلی میں بیٹھی ہوئی ہیں انہوں نے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پر اتناگوارہ نہیں کیا کہ وہ واپس سرینگر آ کر صورتحال کا جائزہ لیں۔ عمر عبداﷲ نے اتوار کو مقبوضہ کشمیر کا بلڈی سنڈے Bloody Sunday قرار دیا۔