سیریز میں کلین سویپ کریں گے: سرفراز احمد‘ کوشش ہو گی آج جیتیں : جیسن محمد
لاہور+کراچی(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر ) کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کامیابی کا راز فٹنس میں ہے جس سے ٹیم کی فیلڈنگ میں بھی بہتری آتی ہے ،ٹیم میں رہنے کے لئے کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دیتے رہنا ہوگا۔میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس میں نئے شامل ہونے والے لڑکوں نے ٹیم کو مزید نکھار دیا ہے۔ بطور کپتان اپنے آپ میں تحمل لانے کی کوشش کررہا ہوں تا کہ پریشر میچز میں ٹیم کی کارکردگی بہتر رکھ سکوں۔تیسرا اور فیصلہ کن میچ جیت کر سیریز میں کلین سویپ کی کوشش کرینگے ۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن محمد کا کہنا تھاکہ ٹیم کی کارکردگی سے مایوسی ہوئی،ہم بیٹنگ ،باولنگ دونوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کرسکے۔میچ کے اختتام پرگفتگو کرتے ہوئے کپتان ویسٹ انڈیز جیسن محمد کا کہنا تھا کہ ہم شروع میں وکٹیں حاصل نہیں کرسکے اگراننگز کے آغاز میں آپ کی ٹیم وکٹیں لینے میں ناکام رہے تو آپ دوسری ٹیم پر دباو نہیں ڈال سکتے۔پاکستان ٹیم کے بلے بازوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔ آنے والے میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرکے ٹیم کو جتوانے کی پوری کوشش کریں گے۔ پاکستان آکر خوشی محسوس کررہاہوں۔ سٹیڈیم میں شائقین کا رویہ مثالی اور یہاں خود کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز یقیناً ناتجربہ کار ہے۔ اچھا ہوتا کہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہوتے لیکن آئی پی ایل کی وجہ سے متعدد سینئر کرکٹرز دستیاب نہیں تھے۔ موجودہ ٹیم میں کچھ سینئر اور کچھ نوجوان کرکٹرز شامل ہیں اور یہ اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم نے کہا ہے کہ 3رنز سے سنچری مکمل نہیں ہوئی اس میں میری غلطی ہے ، مجھے آخری 2گیندوں میں ’’ہٹ‘‘ کرنا چاہیے تھا لیکن نہیں کرسکا۔ اللہ کا شکر ہے بہت اچھا کھیلا لیکن 100رنز پورے نہ ہونے کا غم رہے گا۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں پچ پر کھڑا ہو کر پورے اوور ز کھیلوں اور یہی بات ذہن میں رکھ کر پرفارم کرتا ہوں۔ میں اپنی نارمل گیم کھیلتا ہوں اور بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔