وزیر اعظم کا دورہ‘ پاک افغان ایکشن پلان پر بات چیت‘ پاکستانی وفد کابل پہنچ گیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے 6اپریل کو دورہ افغانستان کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے اور افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے فریم ورک پر بات کرنے کے لئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پیر کو کابل کا دورہ کیا۔پاکستانی وفد میں فوج کے سینئر اہلکار اور حکومتی نمائندے شامل تھے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے پاکستانی وفد کی کابل کا دورہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاک افغان ایکشن پلان فریم ورک کے سلسلے کا تیسرا دور تھا جس میں افغان وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ خلیل اللہ کرزئی نے کی۔ افغانستان پاکستان ایکشن پلان میں بارڈر مینجمنٹ، افغان مہاجرین کی واپسی اور خطے کی سیکیورٹی کے معاملات زیر غور رہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کے لئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان انتہائی اہم فورم ہے ۔ علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ چین کی جانب سے دونوں کے مابین کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے میں گزشتہ سال کی جانے والی کاوش اپنا اثر دکھا رہی ہے۔