رائل پام گالف کلب : لفٹینٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی سعید الظفر اور حامد حسن کیخلاف بدعنوانی پر نیب ریفرنس دائر
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب راولپنڈی نے رائل پام گالف کلب لاہور کو غیر قانونی طور پر لیز پر دینے پر سابق افسران کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کر دیا،قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے رائل پام گالف کلب لاہور کو غیر قانونی طور پر لیز پر دینے پر سابق سیکرٹری/چیئرمین ریلوے لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی، سابق سیکرٹری/ چیئرمین ریلوے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل(ر)سعید الظفر، سابق جنرل منیجر(ایم اینڈ ایس)پاکستان ریلویز میجر جنرل(ر) حامد حسن بٹ، سابق جنرل منیجر آپریشنز پاکستان ریلویز اقبال صمد خان، سابق ممبر فنانس پاکستان ریلوے خورشید احمد خان، ڈائریکٹوریٹ آف پراپرٹی اینڈ لینڈ پاکستان ریلویز بریگیڈیئر(ر)اختر علی بیگ، رائل پام گالف کلب کے سپانسرز رمضان شیخ، پرویز قریشی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ 2001میں پاکستان ریلوے نے لاہور میں نہر کنارے قائم گالف کلب کو 33سال کیلئے لیز پر دینے کی پیشکش کی۔ میکس کارپس پرائیویٹ لمیٹڈ سمیت متعدد فرموں نے پیشکش جمع کرائیں۔ بولی کے دوران لیز کے عرصہ کو غیر قانونی طور پر 33سال سے بڑھا کر 49سال کر دیا گیا جبکہ ریلوے آفیسر کالونی کو منہدم کرکے غیر قانونی طریقہ سے پیش کی گئی اراضی کو بھی 103ایکڑ سے بڑھا کر 140ایکڑ کر دیا گیا۔ لیز حاصل کرنے والی مین لینڈ حسنین پاکستان لمیٹڈ کو غیر قانونی طریقہ سے فائدہ دینے کیلئے پاکستان ریلوے کی قیمتی زمین کا غیر قانونی اور غیر شفاف انداز میں لیز پر دینے کا عمل مکمل کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے 2001میں 140ایکڑ پر مشتمل گالف کلب لاہور کو غیر قانونی طور پر 49سال کی لیز پر کمرشل مقاصد کیلئے مین لینڈ حسنین پاکستان لمیٹڈ کو دیا۔ ملزمان نے قومی خزانہ کو 2ارب 20کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)جسٹس (ر) جاوید اقبال نے میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے سٹیزن کلب جس کو سی ڈی اے نے ایک ارب اور90کروڑ روپے میں تعمیر کیا تھا کومبینہ طورپر غیر قانونی طور پر سٹیزن کلب سے میٹرو پولیٹن کلب میں تبدیل کرنے اور میٹرو پولیٹن انتظامیہ کا اس کا انتظام سنبھالنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکتر جنرل نیب راولپنڈی کو انکوائری کاحکم دےاہے۔ مزید برآں چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے کہ میئراسلام آباد نے کس قانون کے تحت سٹیزن کلب کا نتظام سنبھال کر اس کو میٹرو پولیٹن کلب میں تبدیل کیا اور پھر نجی فرم کے سپرد کرنے کامبینہ فیصلہ کیا ہے۔
نیب ریفرنس