آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام 750 ارب روپے تک محدود رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کو 750 ارب روپے تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام جو ایک ہزار ارب روپے سے اڑھائی سو ارب روپے کم ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے کہا ہے کہ نئے ترقیاتی منصوبے میں صرف وہ منصوبے شامل کیے جائیں گے جن کی کل لاگت کے 25 فیصد کے مساوی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے ترجیحی کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے تاہم اس سال وقت کی کمی کے باعث ترجیحی کمیٹی کے باضابطہ اجلاس نہیں ہورہے بلکہ وزارت منصوبہ بندی غیر رسمی اجلاسوں میں وزارتوں کے ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دے رہی ہے جو بعدازاں پی ایس ڈی پی میں شامل ہوں گے۔ تمام وزارتوں سے کہا گیا ہے کہ ایسے منصوبے دیئے جائیں جن پر کام 60 فیصد تک مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ”ٹوکن منی“ مختص کروانے والے منصوبوں کی حوصلہ شکنی کی جائیگی۔
ترقیاتی پروگرام