احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت
اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیر خزانہ اسحا ق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس میں شریک ملزمان پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،فرد جرم عائد کرنے کے لیے سماعت آج دوبارہ ہو گی،صدر نیشنل بینک سعید احمد کی طرف سے دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیئے گئے۔پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس میں شریک ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی نہ ملنے کے باعث شریک ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی۔ صدر نیشنل بینک سعید احمد کے وکیل نے سماعت آج (منگل تک) ملتوی کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر کو ڈیڑھ بجے تک ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی پیش کرنے کا حکم دیا تاہم بعد ازاں عدالت نے سماعت آج صبح تک منگل تک ملتوی کردی۔