مقبوضہ کشمیرکے عوام پر ظلم وبربریت اورقتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ)جماعت اسلامی یوتھ ضلع راولپنڈی کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب کے باہر،ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکے عوام پر ظلم وبربریت اورقتل عام کی حالیہ لہرکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی ،ضلعی صدور جے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم ،ملک عمران خا ن،ضلعی جنرل سیکرٹری اصغرخان مہمند،نائب صدروسمیت دیگرسیاسی ،سماجی اورمذہبی رہنمائوں نے کی ۔اس موقع پر سول سوسائٹی ،اہلیان راولپنڈی ودیگرطبقات کے افراد نے بھرپورشرکت کی ۔شرکاء نے اس موقع پر ہندوستانی بربریت کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے پاکستا نی حکومت سمیت مسلم ممالک کے سربراہان اورعالمی برادری کی بے حسی پرغم وغصے کااظہارکیا۔امیرضلع شمس الرحمن سواتی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کشمیری مظالم کا ذمہ دارمودی اورہندوستان ہے وہیں پاکستان کے موجود ہ اور سابقہ حکمرانوں پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،حکمران ،پاکستان کی شہ رگ مقبوضہ کشمیرکوہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے چھڑانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کررہے ،کشمیری عوام مظالم کے بعد نئے جذبے سے بیدارہوتے ہیںاورآزادی کی تحریک کوازسرتوانا کرتے ہیں اس سے قبل برہان وانی کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کمزورہونے کی بجائے مزید توانا ہوئی ،حالیہ ظلم بھی ہندوستان کومہنگا پڑے گا ۔