یو سی 27 میں پانی کی قلت، میئر و ڈپٹی میئر اور ایم ڈی واسا کے دفاتر کے سامنے احتجاج
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) صادق آبادکی یونین کونسل 27 میں پانی کی شدید قلت کے باعث اہل علاقہ نے میئر و ڈپٹی میئر راولپنڈی اور ایم ڈی واسا کے دفاتر کے سامنے احتجاج کیا اور کافی دیر تک دھرنا دیئے رکھا۔ احتجاج کی اطلاع ملنے پر میئر و ڈپٹی میئر اور ایم ڈی واسا اپنے دفاتر سے نکل گئے اہل علاقہ کے دھرنے میں طوالت کے باعث بعد ازاں ڈپٹی میئر نے فون پر احتجاج کرنے والے شہریوں کوسابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی اور رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف سے رابطہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔تاہم اہل علاقہ کی جانب سے سیاستدانوں کے وعدوں کو ناقابل اعتبار قرار دینے پر ڈپٹی میئر نے خود پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی کر ادی ۔ متاثرین نے 6اپریل کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا کہ علاقے میں پانی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو واسا اور کارپوریشن کے دفاتر کا گھیرائو کیا جائے گا یونین کونسل27صادق آباد میں جامع مسجد صدیق اکبر کے امام قاری رضوان ،جماعت اسلامی پی پی 14کے رہنما شاہد نگیال ،جماعت اسلامی یوتھ یونین کونسل 27کے صدر وقاص احمد نگیال کی قیادت میں چوہدری نور، جاوید ستی اورحاجی امین سمیت معززین علاقہ اور جامع مسجد قبا کے نمازیوں کی بڑی تعداد ہاتھوں میں کتبے اٹھائے اور پانی پانی کے نعرے لگاتے میئر راولپنڈی سردار نسیم کے دفتر پہنچ گئے جہاںسے مظاہرین کی اطلاع ملتے ہی میئر راولپندی اپنے دفتر سے نکل گئے ۔مظاہرین کی جانب سے ڈپٹی میئر کے دفتر میں داخلے کے اعلان پر وہ بھی دفتر سے غائب ہو گئے جہاں خالی دفتر میں کچھ دیر انتظار کے بعد اہلیان علاقہ مایوسی کے عالم میں ایم ڈی واسا راجہ شوکت کے دفتر روانہ ہوئے جہاں پہنچ کر پتہ چلا کہ ایم ڈی واسا راجہ شوکت اور چیئر مین واسا ضیا ء اللہ شاہ دفتر ہی نہیں آئے جس پر معززین علاقہ اور نمازیوں نے کارپوریشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا مطاہرین کا موقف تھا کہ یونین کونسل میں ٹیوب ویل نمبر27،6ماہ سے بند پڑا ہے جبکہ دیگر ٹیوب ویلوں میں یا تو موٹریں خراب ہیں یا بورنگ کے پائپ پھٹ چکے ہیں جبکہ ڈیم کی سپلائی سے یہ علاقہ ہمیشہ سے ہی محروم ہے جس سے خان کلینک سے لے کر محمدی کالونی ، میلاد چوک ، نشتر سٹریٹ اور حیدری سٹریٹ سمیت ملحقہ محلوں اور گلیوں کے مکین پانی کی تلاش میں دربدر پھرتے ہیں۔ قبا مسجد اورمسجد صدیق اکبر میں پانی نہ ہونے سے نمازیوں کی نمازیں مسلسل قضا ہورہی ہیں جبکہ مسجد قبا سے ملحقہ گلی میں 14ماہ سے پانی کی لائن منظور ہونے کے باوجود اس لئے کام شروع نہیں ہو سکا کہ اس یوسی سے تحریک انصاف کا چیئر مین منتخب ہو اہے۔