ویسٹ انڈیز کی ٹیم اچھی ہے،کھلاڑی سہل پسندی سے باز رہیں ،سرفراز احمد
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے آسان فتح کے باوجود پلیئرز کو سہل پسندی سے بچنے کی ہدایت کر دی ہے ۔پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹوئنٹی20 میں عمدہ کھیل پیش کیا،فخرالزماں نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا اور پھر حسین طلعت اور شعیب ملک نے شاندار اختتام کیا،ہم ہر میچ بغیر ریلیکس ہوئے کھیلنا چاہتے ہیں،ویسٹ انڈیز اچھی ٹیم ہے،ہمیں پورا یقین ہے کہ وہ دوسرے میچز میں بھرپور انداز میں واپس آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اس فتح کے باوجود سہل پسندی کا شکار نہیں ہوسکتے،مجھے امید ہے ہماری فارم جاری رہے گی،دوسرا میچ بھی ہمارے لیے بہت اہم ہے،شاہین شاہ آفریدی کو بھی جلد ڈیبیو کا موقع دیں گے۔