کوئٹہ: ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما سکینہ مینگل کی خودسوزی کی کوشش، پولیس نے حراست میں لے لیا
کوئٹہ (نوائے وقت نیوز + نوائے وقت رپورٹ) ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما سکینہ مینگل نے خود سوزی کی کوشش کی۔ پریس کلب کے باہر سکینہ مینگل نے خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی لیکن وہاں پر موجود کارکنوں نے انہیں خودسوزی کرنے سے بچا لیا۔ کوئٹہ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔دریں اثناءمسلم لیگ (ن) بلوچستان کی رہنما سکینہ مینگل نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سردار ثناءاللہ زہری اور صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی نے خواتین کی مخصوص نشست پر من پسند امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے جبکہ سینئر کارکنوں کو نظر انداز کیا گیا ہے مجھ سمیت بہت سی خواتین 13سال سے مسلم لیگ (ن) کی خدمت کر رہی ہیں مگر ہمیں نظرانداز کر کے نئے شامل ہونے والی خواتین کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاتا اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔ صوبائی صدر نے اپنا فیصلہ تبدیل نہ کیا تو دوبارہ پارٹی کے صوبائی صدر ثناءاللہ زہری کے گھر کے باہر خود سوزی کروں گی۔