کراچی:گورنر سندھ اور گورنر پنجاب کا دورہ بدین

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گورنرپنجاب چوہدری سرور کے ہمراہ بدین کے بارشوں سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی، بیرسٹر حسنین مرزا،گورنر سندھ کے مشیر علی جونیجو ،اخوت فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب بھی موجود تھے ۔ گورنرسندھ اور گورنرپنجاب نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور بدین میں صاحباں محل میں بارش سے متاثرہ افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے ۔ اس موقع گورنرسندھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کے عوام کی مدد پر گورنر پنجاب کے مشکور ہیںجو صوبہ کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں راشن بیگز اور متاثرہ گھروں کی تعمیر کے لئے آسان قسطوں پر قرضہ بھی فراہم کررہے ہیں اس ضمن میں اخوت فاؤنڈیشن بارش سے متاثرہ افراد میں ایک لاکھ راشن بیگز تقسیم کرے گی، متاثرین میں راشن کی تقسیم پر اخوت فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر امجد ثاقب کے مشکور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں سے پورے سندھ تباہی ہوئی ہے لیکن میڈیا کی توجہ کراچی پر زیادہ رہی، صوبہ میں سہولیات کے بنیادی ڈھانچہ کو ٹھیک کرنے کے لئے کام کرنا ضروری ہے، عوام کو بارش کی صورت میں پیش آنے والی مشکلات کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ایڈ منسٹریٹر کراچی کی تقرری کا فیصلہ کمیٹی کرے گی ،کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر اسد عمر کررہے ہیں جبکہ کمیٹی میں وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزراء علی زیدی ، امین الحق ، صوبائی وزراء سعید غنی اور سید ناصر شاہ شامل ہیں ۔ اس سوال پر کہ اپوزیشن متحدہورہی ہے جو کہ حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ اپوزیشن کرپشن کے لئے این آر او مانگ رہی ہے ان میں کوئی اتفاق نہیں ، یہ کرپشن کو چھبانے کے لئے متحد ہونے کا ڈرامہ کررہے ہیں ۔ گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ تمام صوبائی گورنرز مل کر عوام کی خدمت کرینگے اس ضمن میں سماجی فلاحی تنظیموں سے مل کر بھرپور عوامی خدمت کے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے دورہ سندھ میں ، میں پہلی مرتبہ سیلانی ویلفیئر اور دعوت اسلامی کے مراکز گیا مجھے ان کے کا م دیکھ کربہت خوشی ہوئی، متاثرہ افراد میں راشن کی تقسیم کے ضمن میں سماجی بھلائی کی تنظیموں کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں بارش سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مقابلہ میں لاہور میں بارش نسبتاً کم ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرپنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم کی لاک ڈاؤن کی پالیسی نہایت کامیاب رہی ہے آج پوری دنیا حیران ہے کہ کس طرح پاکستان سے کورونا وائرس کا خاتمہ یقینی بنایا ۔بعد ازاں گورنرسندھ عمران سماعیل اور گورنرپنجاب چوہدری سرور نے رکن سندھ اسمبلی بیرسٹر حسنین مرزا کی جانب سے رہائش گاہ پر دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کی ۔