پی ایف ایف کی جانب سے گلگت اور ہنزہ میں خواتین فٹبالرز کے لیے کوچنگ کلینکس کروانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے دنیور، گلگت اور گلمت، ہنزہ میں 3 اور 4 ستمبر کو خواتین فٹبالرز کے لیے کوچنگ کلینکس منعقد کی جائیں گی۔ یہ قدم لینے کا مقصد گلگت بلتستان کی نوجوان خواتین فٹبالرز کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے ہنر کو تراشنے میں مدد کرنا ہے۔ پی ایف ایف گلگت بلتستان میں بسنے والے فٹبال پلیرز کی صلاحیت سے آگاہ ہے اور اس قطعے میں فٹبال کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتی ہے۔ پہلی کوچنگ کلینک، جمعرات 3 ستمبر کو دوپہر 1 بجے محمد آباد دنیور، گلگت فٹبال گراؤنڈ میں منعقد کی جائے گی جبکہ دوسری کوچنگ کلینک اگلے روز صبح 11 بجے ایف جی بوائز ہائی سکول، گلمت، گوجال، ہنزہ میں منعقد کی جائے گی۔
کلینکس کے حوالے سے نیشنل ٹیکنیکل ڈائریکٹر ڈینیل لیمونیس کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں سمیت فٹبال میں بھی خواتین کو آگے بڑھنے کے اتنے ہی مواقع دیے جائیں جتنے عام طور پر مردوں کو دیے جاتے ہیں اور یہ کلینکس گلگت بلتستان کی نوجوان خواتین فٹبالرز کے لیے ایک قدم آگے بڑھنے کا موقع ہے۔ پی ایف ایف کی جنرل سیکرٹری منیزے زینلی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی خواتین فٹبالرز کے ہنر کو دیکھا جائے تو یہ بات کافی اہم ہو جاتی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دیے جائیں اور یہ کوچنگ کلینکس اس قطعے میں فٹبال کی ترقی کے لیے لیے جانے والے پہلے اور آخری اقدامات نہیں ہوں گے۔