اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اعلان کیا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے وینٹی لیٹرز بنانے کے لیے دوسری کمپنی کی منظوری دے دی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ کراچی کی کمپنی کے ڈیزائن کو صنعتی بنیادوں پر پیداوار کے لیے منظور کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور پیداواری لائن اور وینٹی لیٹرز برآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے آج مقامی طور پر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کیا تھا۔
اس ضمن میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خود انحصاری کے ساتھ ٹیکنالوجی میں جدت لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے کسی بھی اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو فعال رکھنے کیلئے ہماری سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کی بڑے پیمانے پر پذیرائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری توجہ کا محور صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات ہوں گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاوَن کی حکمت عملی کو وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔حکومت کی توجہ اب صحت کے شعبے میں اصلاحات پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ہم لوگوں کی ذہانت سے فنی مہارت کے ذریعے خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔
وزیراعظم نے این آر ٹی سی اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز کی تیاری پاکستان کےلیے ایک اہم کامیابی ہے۔