ایپل کے کروڑوں آئی فون صارفین پر ہیکرز کے حملے کا انکشاف
نیویارک (نیٹ نیوز) ایپل کے آئی فون کو سکیورٹی کے لحاظ سے بہترین سمجھا جاتا ہے تاہم ان ڈیوائسز کو استعمال کرنے والے کروڑوں افراد کے لیے گوگل نے ایک دھچکا پہنچا دینے والی رپورٹ جاری کی ہے۔ گوگل کے سکیورٹی محققین نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے رواں سال کے شروع میں آئی فونز میں ایسی کمزوری دریافت کی تھی، جس کے باعث ان ڈیوائسز سے مخصوص ویب سائٹس پر جانے سے ہی انہیں ہیک کیا جاسکتا ہے۔ اور یہ بہت بڑے پیمانے پر ہوا جو کہ ایپل کے مشہور زمانہ سمارٹ فون کے تمام صارفین کے لیے زیادہ باعث تشویش ہے۔ اس امپلانٹ کی بدولت یہ ہیکرز جی میل اور گوگل ہینگ آئوٹس کے مواد کی جاسوسی کرتے، کانٹیکٹس دیکھ سکتے اور صارف کی لائیو جی پی ایس لوکیشن ٹریکر کو بھی دیکھ سکتے۔ گوگل کی پراجیکٹ زیرو ٹیم نے بتایا کہ ہیکرز کی جانب سے یہ کام 2 برسوں سے کیا جارہا تھا اور ہر آئی فون اس کا شکار ہوسکتا تھا، آئی فون کے حوالے سے یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب ایپل کی جانب سے 10 ستمبر کو آئی فون 11 متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔ گوگل کے محققین کے مطابق اس امپلانٹ کا ایک توڑ تو یہی تھا کہ فون کو ری سٹارٹ کردیا جائے۔ انہوں نے صارفین کو مشورہ دیا کہ اگر انہوں نے اب تک اپنے آئی فون کے آئی او ایس کو اپ ڈیٹ نہیں کیا تو فوراً سے پہلے ایسا کرلیں ۔