راجہ حنیف نے سجاد خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کی اپیل پر سابق ایم پی اے راجہ محمد حنیف نے این اے 60سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سجاد خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ہفتہ کے روز یہاں مسلم لیگی رہنما چوہدری تنویر خان کی صدارت میں ان کی اقامت گاہ پر پارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈروں اور سینئر رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں راجہ محمد حنیف کے بھائی راجہ محمد حبیب سے این اے 60سے دستبردار ہونے کی اپیل کی گئی اور طے پایا کہ راجہ محمد حبیب پارٹی کے نامزد امیدوار سجاد خان کے متبادل امیدوار ہوں گے اجلاس میں طے پایا کہ سٹی صدر اور میئر سردار محمد نسیم اور جنرل سیکرٹری حاجی پرویز خان کمیٹیاں تشکیل دے کر این اے 60میں انتخابی مہم کا آغاز کریں۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کی رکن طاہرہ اورنگزیب، زیب النساء اعوان ایم پی اے، تحسین فواد، جاوید مغل اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر اور مسلم لیگی رہنما ملک شاہد غفور پراچہ نے بھی شرکت کی۔