پاکستان ایشیاء کی بڑی مارکیٹ ، سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ہے
کراچی ( کامرس رپورٹر )تھائی لینڈ کی تین روزہ نمائش ہفتے سے مقامی ہوٹل میں شروع ہو گئی ہے جس میں تھائی لینڈ کی 50 سے زائد کمپنیوں کی مصنوعات اور ٹیکنالوجی نمائش کے لیے موجود ہے۔ نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) مفسر عطاملک، تھائی لینڈ کے قائم مقام قونصل جنرل کراچی ایپی پان چی چرون، ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر، ڈھاکہ، ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن، تھائی لینڈ سوئبسک ڈینگ بون رینگ Suebsak Dangboonrueng ، اعزازی ٹریڈ ایڈوائزر تھائی لینڈ عارف سلیمان اور ڈائریکٹر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشد الحق نے فیتا کاٹ کر کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صدر کے سی سی آئی مفسر عطا ملک نے زور دیا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان مشترکہ منصوبے شروع ہونے چاہئیں۔ پاکستان نے گزشتہ سال 2017 میں تھائی لینڈ سے 1400 ملین ڈالرز سے زائد کی اشیاء کی درآمد کی ہیں جو پہلے ایک ہزار ملین ڈالرز تھیں، اس میں 38.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے مقابلے میں تھائی لینڈ کو پاکستان کی برآمدات میں 24.4 فیصد اضافہ ہوا ہے اور وہ 119.21 ملین امریکی ڈالرز سے بڑھ کر 148.32 ملین ڈالرز ہو گئی ہیں۔ مفسر عطاملک نے بتایا کہ پاکستان سے تھائی لینڈ کو یارن، فائبر، کیمیکلز، فنشڈ آئل، گوشت و دیگر اشیاء جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کی کئی مصنوعات اور خدمات ایسی ہیں جو تھائی لینڈ میں اپنی مارکیٹ بنا سکتی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں سے ہی معاشی طور پر دونوں کو فائدہ ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام تھائی قونصل جنرل ایپی پن چی چرون نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی سرمایہ کاروں کے لیے بہت کشش رکھتی ہے اور اسی کی وجہ سے پاکستان ایشیا کی ایک بڑی مارکیٹ بن گیا ہے۔ تھائی لینڈ کے اعزازی ٹریڈ ایڈوائزر عارف سلیمان نے بتایا کہ نمائش میں تھائی کمپنیاں 10 سے زائد شعبوں میں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ ان مصنوعات میں فوڈز اینڈ بیوریجز، ہوم ٹیکسٹائلز، ہیلتھ اینڈ بیوٹی، ادویات و ہربل، ہارڈوئیر، مشینری، ہاؤس ہولڈ آئٹمز، فٹ وئیر، پارٹی ایکسیسریز، جیولری کلینر،کارپینٹ،موٹربائیک پارٹس،مشینری، رائس ملز،واٹر پیوریفیکیشن، الیکٹریکل اپلائنسز و دیگر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزادانہ تجارت کا معاہدہ اگلے سال تک ہونے کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشد الحق نے بتایا کہ اس تین روزہ ایونٹ میں 50 ہزار لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ یہ نمائش تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن کی جانب سے رائل تھائی قونصلیٹ جنرل کراچی کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔ نمائش کا انتظام ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے کیا گیا ہے۔یہ ایونٹ پیر تک جاری رہے گا۔