اکانومی کلاس مسافروں کو ایئر کنڈیشنڈ میں سفر کروانے پرسٹاف معطل
اسلام آباد(خبر نگار) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کا شالیمار نائٹ کوچ ٹرین پر اچانک چھاپہ کنڈکٹر گارڈاور اسپیشل ٹکٹ ایگزامینر معطل۔مزکورہ اسٹاف اکانومی کلاس مسافروں کو ایئر کنڈیشنڈ کلاس میں سفر کروارہا تھا۔سٹاف کو معطل کرکے ان کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل جنرل مینجر ٹریفک پاکستان ریلوے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کی ہدایت پر ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے غلام فرید نے ٹرینوں پر اچانک چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی سی او ریلوے نے اپٹی ٹیم کے ہمراہ کراچی سے لاہور آنے والی 43 اپ شالیمار نائٹ کوچ ایکسپریس ٹرین پر اچانک چھاپہ مارکر کنڈکٹر گارڑ اور اسپیشل ٹکٹ ایگزامینر کو موقع پر معطل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈویژنل کمرشل آفیسر نے کراچی سے لاہور آنے والی شالیمار نائٹ کوچ ایکسپریس ٹرین پر ریلوے سٹیش قلعہ ستار شاہ اچانک چھاپہ مارا تو کنڈکٹر گارڑ محمد سلیم اور اسپیشل ٹکٹ ایگزامینر محمد جاوید بھی اکانومی کلاس کے 17 مسافروں کو ایئر کنڈیشنڈ کلاس میں سفر کروارہے تھے۔ ڈی سی او ریلوے لاہور نے مسافروں کو چارج کروایا اور ان سے 12640 روپے وصول کیے گئے۔ اس کے علاوہ 7 مسافر اکانومی کلاس میں بھی بغیر ٹکٹ کے سفر کرتے ہوئے پائے گئے۔ بعدازاں مسافروں کو چارج کروایا گیا اور ان سے بھی 4850 روپے جرمانے کے طور پر وصول کیے گئے۔ یادرہے ڈی سی او ریلوے نے مزکورہ اسٹاف کو معطل کرکے ان کے خلاف چارج شیٹ جاری کر کے محکمانہ کاروائی کا حکم دے دیا ہے۔