اقوامِ متحدہ رپورٹ نے مسئلہ کشمیر میں بین الاقوامی دلچسپی میں اضافہ کیا
اسلام آباد (اے پی پی)انٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر پراقوامِ متحدہ کی تاریخی رپورٹ نے مسئلہ کشمیر میں بین الاقوامی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میںآسٹریلیا کی ایک با اثر سیاستدان نے بریفنگ لینے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔سینیٹر لی ریانن، جنہوں نے گزشتہ ماہ ہی میں بطور نیو ساؤتھ ویلز سینیٹر اپنی مدت پوری کی ہے، نے اسلام آباد میںانٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد قریشی سے ملاقات کی۔انٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر) کے لابیسٹ کی ٹیم جوکشمیر کے حالات کے تناظر میں اقوامِ متحدہ کے ساتھ کام کر رہی ہے، نے سینیٹر ریانن کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ شائستہ صفی جن کا تعلق بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہمولہ سے ہے، نے سینیٹر ریانن کو کشمیری نوجوان نسل میں پنپتے خیالات اور رائے سے آگاہ کیا۔وائے ایف کے نے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا جس میں موجود تمام تصاویر باقاعدہ تصدیق شدہ تھیں اور تاریخ و تفصیل کے ساتھ پیش کی گئیں تھیں، جو کہ بین الاقوامی مستند فوٹو جرنلسٹس نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بذاتِ خود اپنے کیمرے میں محفوظ کی تھیں۔سینیٹر ریانن کو وائے ایف کے کی جانب سے تیار کردہ دستاویزی ریسرچ بھی پیش کی گئی جو مسئلہ کشمیر کے ان پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہے جن میں فوری انسانی توجہ کی اشد ضرورت ہے۔وائے ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اپنے تعلقات اور اثر ورسوخ استعمال کر رہا ہے جس سے تحریک آزادیٔ کشمیر کو تقویت حاصل ہوگی جس طرح پاکستان کی کوششوں سے سلامتی کونسل میں کشمیر پر پہلی قرارداد منظور کی گئی تھی۔انٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر)، ایک غیر جانبداربین الاقوامی این جی او ہے جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کیلئے کوشاں ہے۔