دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی، آر ٹی ایس ناکامی کی تحقیقات کرائی جائے: فرحت بابر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، تمام فارم 45 کا فارنزک آڈٹ کروا کر اسے الیکشن کمشن کی ویب سائٹ پر لوڈ کیا جائے اور آرٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نادرا پر یہ الزام لگانے کے بعد کہ اس نے آرٹی ایس میں دخل اندازی کی اور نادرا نے اسے جھٹلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آرٹی ایس کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے کے بعد ایک نئی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور اس سے نمٹنے سے احتراز کرنے کی صورت میں بحران شدید ہوتا جائے گا۔ قانون کی یہ خلاف ورزی کیا دانستہ تھی اور کس نے کی؟ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ نادرا کی جانب سے حکومتی الزامات کی نفی کرنا اور نادرا کی جانب سے یہ مطالبہ کہ فرانزک آڈٹ کروایا جائے ایک چیلنج ہے اور اسے وہی لوگ نظرانداز کر سکتے ہیں جو عوام دشمن ہیں۔