جی ایچ کیو میں عمران خان کی پذیرائی سول بالادستی کا مظہر ہے:حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نئے وزیراعظم کی جی ایچ کیو میں غیر معمولی پذیرائی سول بالادستی کی مظہر ہے۔ عمران خان کے دورہ جی ایچ کیو پر پاکستان کے دشمن پریشان اور عوام خوش ہے۔ گستاخانہ خاکوں کے مقابلہ کی منسوخی کے لئے وزیراعظم نے اہم کردار ادا کیا۔ توہین آمیز خاکوں کی منسوخی پاکستان کی موثر سفارت کاری کا ثمر ہے۔ عدم استحکام کی خواہشمند قوتیں پاکستان میں انار کی اور ناامیدی پھیلانا چاہتی ہیں۔ پاکستان کے دشمنوں کو مضبوط حکومت اور مستحکم پاکستان گوارا نہیں۔ اصلاحاتی ایجنڈا لے کر آنے والی نئی حکومت کو ناکام اور بدنام کرنا عالمی ایجنڈا ہے۔ بلا امتیاز احتساب ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے۔ حکومت مخالفانہ پروپیگنڈہ کی پرواہ کئے بغیر عوام کو ریلیف دینے، احتساب کو یقینی بنانے اور گڈ گورننس کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرے۔ مسلمان ممالک کو متحد ہو کر اسلام مخالف ذہنیت سے نمٹنا ہو گا۔ گستاخانہ کلچر کے سد باب کے لئے مسلم دنیا مشترکہ لائحہ عمل بنائے۔ نئی حکومت نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر موثر آواز بلند کر کے عاشقان رسول کے دل جیت لئے ہیں۔ عمران خان پاکستان میں ریاست مدینہ والا نظام نافذ کرنے کے لئے علماء سے مشاورت کرے۔