یورپ میں گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے،پیچھے کرنے کی تبدیلی کا نظام ختم کرنیکافیصلہ
برسلز(این این آئی)یورپی کمشن کے صدر یْنکرنے کہاہے کہ وسطی یورپ میں ہر سال دو بار معیاری وقت کی تبدیلی کا موجودہ نظام ختم کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے سے قبل یورپی یونین کے شہریوں کی بہت بڑی اکثریت نے اس نظام کے خاتمے کی حمایت کر دی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود یْنکر نے اعلان کیا کہ اب تک 28 رکنی یورپی یونین میں ہر سال گھڑیاں پہلے ایک گھنٹہ آگے اور پھر ایک گھنٹہ پیچھے کر دینے کا موجودہ نظام جلد ہی ماضی کا حصہ بن جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یونین نے اپنی تاریخ کا جو بہت بڑا عوامی سروے کرایا، اس میں کئی ملین شہریوں نے حصہ لیا اور اس بات کا مطالبہ کیا کہ توانائی کی بچت کے لیے اور دن کی روشنی کو زیادہ بہتر طور پر استعمال کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا معیاری وقت (موجودہ نظام کے تحت موسم سرما میں یورپ کا معیاری وقت) ختم کیا جانا چاہیے اور پورا سال وسطی اور مغربی یورپ کا معیاری وقت گرمیوں کا موجودہ سٹینڈرڈ ٹائم ہی رہنا چاہیے۔یْنکر نے کہا کہ یورپی کمیشن اپنے فیصلوں میں عوام کی زیادہ سے زیادہ براہ راست شمولیت کا خواہش مند ہے، اس لیے لوگ اگر چاہتے ہیں تو ہم ایسا ہی کریں گے۔