فضل الرحمن سے رابطہ ہے دستبردار ہو جائیں گے: اعتزاز
اسلام آباد(آن لائن) پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی جلد ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے بعد صدارتی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی حمائت کا اعلان کرے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بھی پیپلزپارٹی کے حق میں دستبردار ہو جائیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز پیپلزپارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں پیپلزپارٹی نے صدارتی انتخاب میں بلوچستان نیشنل پارٹی سے حمائت کا مطالبہ کیا۔پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت اعتزاز احسن اور بی این پی کی قیادت بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کر رہے تھے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان نیشنل پارٹی سے صدارتی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی حمائت کا مطالبہ لر کے آئے ہیں ۔ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے بتایا ہے کہ بی این پی کی ایگزیکٹو کونسل جلد صدارتی انتخاب پر اپنا فیصلہ کرے گی ہمیں امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہو گا ۔ سردار اختر مینگل نے پیپلزپارٹی کے وفد کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ سردار اختر مینگل سے بلوچستان کے مسائل پر گفتگو ہوئی ہے اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے بھرپور انداز میں بلوچستان کے مسائل پر گفتگو کی ہے ۔ دو گھنٹہ کی ملاقات میں زیادہ تر بلوچستان کے مسائل پر گفتگو ہوئی ہے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان خلاءصرف صدر مملکت ہی بھر سکتا ہے جلد صدارتی انتخاب کے لئے پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی فیصلہ کرے گی ۔
اعتزاز احسن