پشاو ر‘ ایف آئی اے کی کارروائی ‘ نوسرباز گروہ کا سرغنہ سکول ٹیچر گرفتار
پشاور(بیورو رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پشاور اور کراچی میں سرگرم نوسرباز گروہ کے سرغنہ سکول ٹیچر کو گرفتار کرلیا، ملزم خود کو ایف آئی اے کا آفیسر ظاہر کرکے لوگوں سے رقم بٹورتا تھا جس نے حال ہی میں پاکستانی نژاد امریکی خاتون سے 25 لاکھ روپے ہڑپ لئے تھے۔ واضح رہے کہ ملزم اس سے قبل اپنے گروہ سمیت گرفتار ہوا تھا جس نے رہائی کے بعد دوبارہ لوگوں کو لوٹنا شروع کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل پشاور نے اطلاع ملنے پر نشتر ہال پشاور کے قریب کارروائی کرتے ہوئے نوسرباز گروہ کے سرغنہ نورالحسن ساکن نحقی تخت آباد پشاور کو حراست میں لے لیا، ملزم کی تلاشی لینے پر اسکے قبضہ سے ایف آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرکا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا۔ایف ٓئی اے کرائم سرکل پشاور کے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان شاہ کے مطابق ملزم نورالحسن سکول ٹیچر ہے اس نے کئی مرتبہ ایف آئی اے میں نوکری کے لئے درخواست دی تھی۔