ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پارٹنر ہیں، چودھری سرور سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات
لاہور (خصوصی رپورٹر) نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں پارٹنر ہیں جبکہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا برطانیہ نے مسائل کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کی، ہرمشکل میں پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرورسے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی اور پاک برطانیہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت مختلف ایشوز پرگفتگو کی۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے چوہدری سرورکو برطانیہ کے تعاون سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر نامزد گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفرمیں پارٹنر ہیں، تعلیم، صحت ودیگرشعبوں میں برطانیہ کا تعاون خوش آئند ہے۔