پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں معمولی کمی ناکافی ہے: میاں مقصود احمد
ملتان (سماجی رپورٹر)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں معمولی کمی ناکافی ہے، قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافے نے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کو شدیدمتاثر کیا ہے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لاکر عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے۔ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ہم نے ہمیشہ ہرسطح پر عوامی مسائل کو اجاگرکیا ہے اور آئندہ بھی پارلیمنٹ کے اندراور باہر ہرجگہ اپنا قومی فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ بنکوں سے قرض حاصل کرکے معاف کروانے والوں کامحاسبہ بھی ازحد ضروری ہے۔کرپشن اور لوٹ مارکی انتہاہوچکی ہے۔منافع بخش ادارے خسارے میں چل رہے ہیں جو کہ قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہیں۔سابق حکمرانوں نے اللوں تللوں،پروٹوکول اورغیر ملکی دوروں پر اربوں روپے خرچ کیے۔وی آئی پی کلچر کے خاتمے تک ملک وقوم ترقی نہیں کرسکتے۔