پشاور‘ ایف آئی اے کی کارروائی ‘ نوسرباز گروہ کا سرغنہ سکول ٹیچر گرفتار
پشاور(بیورورپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پشاور اور کراچی میں سرگرم نوسرباز گروہ کے سرغنہ سکول ٹیچر کو گرفتار کرلیا، ملزم خود کو ایف آئی اے کا آفیسر ظاہر کرکے لوگوں سے رقم بٹورتا تھا جس نے حال ہی میں پاکستانی نژاد امریکی خاتون سے 25 لاکھ روپے ہڑپ لئے تھے ، واضح رہے کہ ملزم اس سے قبل اپنے گروہ سمیت گرفتار ہوا تھا جس نے رہائی کے بعد دوبارہ لوگوں کو لوٹنا شروع کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل پشاور نے اطلاع ملنے پر نشتر ہال پشاور کے قریب کارروائی کرتے ہوئے نوسرباز گروہ کے سرغنہ نورالحسن ساکن نحقی تخت آباد پشاور کو حراست میں لے لیا، ملزم کی تلاشی لینے پر اسکے قبضہ سے ایف آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرکا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا۔ایف ٓئی اے کرائم سرکل پشاور کے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان شاہ کے مطابق ملزم نورالحسن سکول ٹیچر ہے اس نے کئی مرتبہ ایف آئی اے میں نوکری کے لئے درخواست دی تھی لیکن نوکرئی نہ ملنے کے باعث اُس نے ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا جعلی کارڈ بنا کر لوگوں کو لوٹنا شروع کیا، نوسربازوں کے اس گروپ میں تین سے چار افراد شامل تھے جنہیں 2016 میں گرفتار کیا گیا تھالیکن رہائی کے بعد گروہ نے دوبارہ نوسربازی شروع کردی۔ایف آئی اے پشاور کے مطابق ملزم نورالحسن نے کراچی کی رہائشی ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون مسز نزیر گل سے ایف آئی اے افسر بن کر زمین کا تنازعہ حل کرنے کے لئے 25 لاکھ روپے لئے لئے تھے بعد ازاں خاتون نے نورالحسن گروپ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ایف آئی اے نے گرفتاری کے بعد عدالت سے ملزم کی جسمانی ریمانڈ حاصل کرلی ہے جس سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔