کے الیکٹرک شہر میں اپنے نظام کو درست کرے، سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپو رٹر ) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت کے باعث عمر نامی بچے کی معذوری ناقابل تلافی نقصان ہے۔ کے الیکٹرک انتظامیہ فوری طور پر پورے شہر میں اپنے نظام کو درست کرے۔ سندھ حکومت متاثرہ بچے عمر کے ساتھ ساتھ برنس وارڈ میں متاثر حارث کی بھی مکمل معاونت کرے گی اور ان کا مکمل علاج معالجہ بھی کرایا جائے گا۔ برنس وارڈ میں تمام تر سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسے ہم ہر ممکن طور پر پورا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سول اسپتال کے برنس وارڈ کے دورے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے برنس وارڈ میں کے الیکٹرک کی انتظامیہ کی غفلت سے حادثہ کا شکار ہونے والے بچے عمر کی عیادت کی اور اس موقع پر ڈاکٹروں سے ان کی طبعیت کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل کی بعد ازاں اسی وارڈ میںایک حادثہ کا شکار معصوم حارث کی بھی عیادت کی اور ان کے حوالے سے بھی ڈاکٹروں سے مکمل معلومات حاصل کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ معصوم عمر آج جس حادثہ کا شکار ہوا اس کی مکمل ذمہ دار کے الیکٹرک انتظامیہ ہے اور اس سلسلے میں ان کے خلاف تمام تر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔