ایشین گیمز میں مایوس کن کارکردگی پی او اے ذمہ دار ہے کرنل مجاہد
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین نے ایشین گیمز میں مایوس کن کارکردگی کی ذمہ داری پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عارف حسن پر ڈال دی۔نوائے وقت کراچی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا ملک میں کھیلوں کا اتنا ٹیلنٹ ہونے کے باوجود ہمارے کھلاڑیایک بھی سونے کا تمغہ بھی حاصل نہ کر سکے، وزیراعظم عمران خان اس کی تحقیقات کے لئے انکوئری کمیٹی تشکیل دیں،انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے ملک میں اس شخص کو پاکستان سپورٹس بورڈ کا ڈائریکٹر جنرل لگا دیا جاتا ہے جس کا سپورٹس کے ساتھ، ساتھ، دور، دور کا تعلق بھی نہیں ہوتا،صرف کاغذات پر دستخط کرنے اور غیر ملکی دورے کرنے کے علاوہ اس کے پاس ملاقات کرنے کا وقت نہیں ہوتا، حتی کہ کوئی صحافی ان سے انٹر ویو کا وقت مانگتا تو وہ انٹرویو دینے سے گریز کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میڈیا ڈائریکٹر سے بات کریں کیونکہ اس کے پاس کوئی کھیلوں کے متعلق اتنا علم ہی نہیں کہ وہ صحافیوں کے سوالات کا جواب دے سکیں،مجاہداللہ ترین نے کہا کہ ابھی تک ہمارے پاس کھیلوں کی ترقی کے لئے کوئی ویڑن ہی نہیں ہے اور نہ ہی قومی سپورٹس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے سپورٹس بورڈ میں چیک اینڈ بلنس کے نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اکثر کھلاڑیوں کی شکایت ہوتی ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ایک سونے کی چڑیا ہے جس میں گریڈ 17 کے ملازمینکے کمروں میں اے ای تک لگائے گئے ہیں اور جو کھلاڑی ہمارے قومی ہیروز ملک کا نام روشن کرنے کے لئے تربیتی کیمپوں میںدن رات محنت کرتے ہیں ان کی گرمیوں کے موسم میں کمروں میں اے سی نہ ہونے سے سخت گرمی کی وجہ سے نیند پوری نہیں ہوتی ، انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں قومی کھیل میں جاپان جیسے کمزور ملک سے ہارجانا مایوس کن بات ہے ، انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کسی بھی قومی ہیرو کو پاکستان سپورٹس بورڈ کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا جائے۔