
لاہور: آشوب چشم کے کیسز میں ہوش ربا اضافہ ہوتے ہی شہر میں آنکھوں کے ڈراپس کی قلت پیدا ہوگئی. وبا پھوٹتے ہی منافع خوروں نے ایک بار پھر کمر کس لی ہے۔آشوب چشم کے لیے استعمال ہونے والے آئی ڈراپس فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز پر شارٹ ہوگئے ہیں. اینٹی بائیوٹک اور اینٹی الرجی ڈراپس بھی فارمیسیوں پر نایاب ہوگئے. خشک آنکھوں کے لیے تجویز کردہ مختلف ڈراپس بھی دستیاب نہیں ہیں۔
دوسری طرف شہر کے مختلف میڈیکل اسٹورز نے آئی ڈراپس مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کردیے. شہری شکایت کر رہے ہیں کہ 50 سے 100 فی صد تک مہنگے آئی ڈراپس مل رہے ہیں۔
ادھر ٹوبرامائسین اور ڈیکسامیتھیسون فارمولے کے آئی ڈراپس بنانے والے برانڈز بھی شیلفوں سے غائب ہوگئے ہیں. انفیکشن کے لیے آفلوکساسین فارمولے کے ڈراپس بھی میڈیکل اسٹورز پر دستیاب نہیں ہیں. آئی انفیکشن کے لیے آنکھوں کی آئنٹمنٹ تک نہیں مل رہی۔میڈیکل اسٹورز پر عرق گلاب کے آئی ڈراپس بھی لاہور میں ملنا مشکل ہوگئے ہیں. جس کی وجہ سے آشوب چشم کے مریض شدید پریشانی کا شکار ہیں، جب کہ فارمیسیی مالکان نے سارا ملبہ کمپنیوں پر ڈال دیا ہے. میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ ڈیمانڈ زیادہ ہے جب کہ کمپنیوں کی سپلائی کم ہے۔