بیجنگ:وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے جس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے ، پاک چین تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور گوادر کے تناظر میں بحر ہند میں مشترکہ سکیورٹی چیلنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ پاکستان میں مزید صنعتوں کے قیام، فری ٹریڈ ، پاکستانی برآمدات پر ٹیکس چھوٹ سمیت معاملات بھی زیرغور آئے، دونوں رہنمائوں نے خطے کو درپیش مشترکہ چیلنجز اور باہمی شرکت داری کو مضبوط بنانے کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان زراعت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے پاک چین تعلقات کو ہمالیہ کی بلندیوں تک پہنچانے کا اعادہ کیا اور خطے میں درپیش مشترکہ چیلنجز کا مل کر سامنا کرنے پر اتفاق کیا۔ چینی صدر نے وزیراعظم عمران خان کو معاشی تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے علیحدہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کا گرمجوش استقبال کا بے حد ممنون ہوں، ہمارا ملک چین کی ترقی سے بہت متاثر ہے، چینی صدر کا ویژن اور قیادت رول ماڈل ہے، چین جس طرح غربت اور کرپشن سے نمٹا ہے کسی اور ملک نے نہیں کیا، پاکستان غربت اور کرپشن کے خاتمے کے لیے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات سے خطے کو ثمرات مل رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مظبوط ہیں اب ان میں نئی جہت آرہی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات نہ صرف باہمی بلکہ خطے کے دیگرممالک کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان کو ملنے والے مالیاتی پیکج پر بات چیت کی۔ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان کو چین سے سی پیک منصوبوں کے لیے 6ارب ڈالرز کا پیکج جبکہ ڈیڑھ ارب ڈالرز قرضہ ملنے کا امکان ہے اور چین سے ملنے والے ڈیڑھ ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے جائیں گے۔دونوں وفود کے درمیان درآمدات اور برآمدات کے حجم کو برابر کرنے پر بات چیت کی گئی جب کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں دیگر ممالک کو شامل کرنے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔پاکستان وفد کی جانب سے خواہش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان چین کے غربت اور کرپشن کے خاتمے پر اقدامات پر مدد حاصل کرنا چاہتا ہے اور ذراعت کے حوالے سے چینی ماہرین کی ٹیمیں بھی جلد پاکستان آئیں گی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38