سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2787 پوائنٹس کا اضافہ

May 02, 2025 | 17:29

ویب ڈیسک

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ سیشن میں شدید مندی کے بعد آج زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے. یوم مزدور کی عام تعطیل کے بعد آج کاروبار کے آغاز میں 2 ہزار 787 زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔جمعے کو کاروباری ہفتے کے اختتامی روز کاروبار کے دوران 10 بجکر 46 منٹ پر بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس 2787 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 14 ہزار 113 پوائنٹس پر پہنچ گیا، بدھ کو 3545 پوائنٹس کی کمی کے بعد انڈیکس ایک لاکھ11 ہزار 326 کی سطح پر بند ہوا تھا۔12 بجے پہلے سیشن کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 13 ہزار 954 پوائنٹس پر تھا۔

بعدازاں نماز جمعہ کے بعد مارکیٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور 2 بجکر 52 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 3220 پوائنٹس یا 2.83 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 546 پوائنٹس پر پہنچا۔تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2 ہزار 787 یا 2.5 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 14 ہزار 113 پوائنٹس پر پہنچا۔چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے کہا کہ مارکیٹ پاک بھارت کشیدگی پر نظر رکھے ہوئے ہے، اور کچھ خبروں کے بہاؤ نے کشیدگی میں کمی کا اشارہ دیا ہے، جس کی وجہ سے آج بحالی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کار اب افراط زر کے اعداد و شمار اور پیر کو مانیٹری پالیسی کے اعلان کا انتظار کر رہے ہیں.جس میں شرح سود میں 50 سے 100 بیسس پوائنٹس تک کمی کی توقع ہے۔مزید برآں پاکستان کو آئی ایم ایف (آئی ایم ایف) کے بورڈ کی منظوری 9 تاریخ کو مقرر کی گئی ہے، نتیجتاً سرمایہ کار بنیادی طور پر علاقائی تناؤ، شرح سود اور آئی ایم ایف کے آئندہ فیصلے کے بارے میں پیش رفت پر توجہ مرکوز کیے بیٹھے ہیں۔اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بھی اس اضافے کی وجہ بھارت کی جانب سے کسی قسم کی فوجی کارروائی نہ ہونے کو قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس امر سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے.جس سے انہیں ایسے حصص میں پوزیشن لینے کی ترغیب ملی ہے جو پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی حالات سے مطابقت رکھتے ہیں۔حالیہ دنوں میں واشنگٹن نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے اور ’ذمہ دارانہ حل‘ تک پہنچنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے ساتھ مختلف سطحوں پر رابطے میں ہے اور وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے بات چیت کی۔

مزیدخبریں