اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد میں طوفانی بارش ہوئی جسکے بعد وفاقی دارالحکومت کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر اور اس کے گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ گہرے بادل چھا جانے سے دن میں رات کا سماں ہوگیا۔ اس کے علاوہ جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی گرد آلود ہواؤں اور آندھی سے حد نگاہ کم ہوگئی۔ تیز ہوائوں نے نظام زندگی روک دیا۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگئی جبکہ کاروباری مراکز اور ہوٹلز، ریسٹورنٹس بند ہو گئے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر کا موسم خوشگوار ہونے کی نوید سنائی اور پیش گوئی کی ہے کہ بیشتر علاقوں میں بارشیں شروع ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ خیبر پی کے کے اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں بارش اور ژالہ بازی متوقع ہے۔ شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا۔ لکی مروت، باجوڑ، مہمند،کرک، خیبر، پشاور اور صوابی کے علاقوں، مردان، کرم، ڈی آئی خان اور بنوں میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے۔ پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال جہلم اور منڈی بہاء الدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور سیالکوٹ میں بھی موسم کی یہی کیفیت رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، نارووال، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ اور فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان، بہاولنگر اور بہاولپور میں بارش اور ژالہ باری، سندھ کے علاقوں سکھر، گھوٹکی، شکار پور، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، خیرپور اور گرد و نواح، بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن اور مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار، چاغی اور نوشکی میں بھی بارش کا امکان ہے۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث خان پور ڈیم میں سیاحوں کی دو کشتیاں الٹ گئیں۔ ڈی ایس پی کے مطابق کشتیوں میں سوار ایک ہی فیملی کے 6 افراد لاپتہ ہو گئے۔ خواتین اور بچوں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ ایک شخص کا سراغ نہ مل سکا۔ پولیس ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں درخت گر گیا جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ سیکٹر جی 12 میں زیر تعمیر گھر کی چھت گر گئی جس سے دو مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ راولپنڈی میں آندھی اور بارش سے زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے اور 8 پروازوں کو متبادل لینڈنگ کرنا پڑی ہے۔ ابوظبی سے اسلام آباد پہنچی پرواز پی کے 262 پشاور اتار لی گئی۔ شارجہ اسلامآباد کی پرواز پی کے 182 کو کراچی لینڈ کرایا گیا۔ ابوظبی سے اسلام آباد کی پرواز ای وائی 300 کو ملتان اتارا گیا۔ کراچی سے اسلام آباد پہنچی پرواز پی کے 308 کو بھی ملتان موڑ دیا گیا۔ کوئٹہ اسلام آباد کی نجی ائیر کی پرواز ایف ایل 857 کو پشاور لینڈنگ کرنا پڑی۔ کوالالمپور اسلام آباد کی پرواز پی کے 895 کی لاہور میں لینڈنگ ہوئی۔ اسلام آباد سے بشکک، کراچی مسقط، ریاض، ابوظبی اور بحرین کی 11 پروازوں کو تاخیر کا سامنا رہا۔ کراچی سے پشاور روانہ ہوئی پرواز پی کے 350 کو موسمی خرابی پر واپس کراچی موڑ دیا گیا۔ مسقط سیالکوٹ کی پرواز پی ایف 737 کو لاہور میں لینڈ کرایا گیا۔ دریں اثنا پی ایس ایل 10 کے قذافی سٹیڈیم لاہور کے گزشتہ روز دوسرے میچ میں آندھی اور مٹی کے غلبے نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گراؤنڈ چھوڑنے پر مجبور کردیا۔ فلڈ لائٹس بھی مدھم پڑ گئیں۔ بارش شروع ہونے پر میچ روک دیا گیا۔ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا۔ پی ایس ایل میں گزشتہ روز کا دوسرا میچ بھی لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
لاہور سمیت کئی شہروں میں طوفان بادوباراں، اسلام آباد، ژالہ باری، چھت گرنے سے 2 مزدور جاں بحق
May 02, 2025