پنجاب پولیس کا پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پھر چھاپہ

گجرات میں پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالہیٰ کی رہائش گاہ پر ایک بار پھر چھاپہ مارا ہے۔ پولیس کی نفری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ میں داخل ہوئی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھریلو ملازمین کو ایک کمرے میں بند کردیا اور ان سے پوچھ گچھ کی۔ پرویز الٰہی کے بارے میں بھی پوچھتے رہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب گھر پر نہیں ملے تاہم کچھ دیر بعد اہلکار واپس چلے گئے۔پرویزالہیٰ کے کنجا ہاؤس میں چھاپے کے بعد پولیس کی نفری نت ہاؤس پہنچی، پولیس دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوگئی، البتہ تلاشی اور ملازمین سے پوچھ گچھ کے بعد واپس چلی گئی۔نت ہاؤس چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین کے زیر استعمال ہے۔چوہدری پرویز الہٰی کے بیٹے مونس الہیٰ نے پولیس چھاپے کی سی سی ٹی وی ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کنجا ہاؤس میں ایک بار پھر چھاپہ مارا ہے، ان کے پاس کوئی سرچ وارنٹ نہیں ہے، اس کے باوجود میں نے کہا ہے کہ انہیں رسائی دی جائے۔