اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ ہجر کی سربراہی میں وفد نے جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایگزم بینک آف پاکستان کی فعالیت اور بلوچستان میں مؤثر اریگیشن سسٹم کو زرعی پیداوار بڑھانے کے لئے استعمال میں لانے کے منصوبوں کے معاہدے پردستخط کئے گئے۔ گزشتہ ہفتے 55 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی آئل کریڈٹ کی سہولت کے حوالے سے بھی دستخط کئے گئے تھے۔ مشیر خزانہ نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک کو ملکی معیشت اور مالیاتی صورتحال کی بہتری کے لئے عموماً اور کرنٹ اکائونٹ کی صورتحال پر خصوصاً حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت وسط مدتی اقتصادی فریم ورک کے اہداف کے حصول کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دے رہی ہے جواس پر آئی ایم ایف کی ٹیم کے ساتھ اتفاق ہوا ہے اور آئی ایم ایف کی ٹیم 3 سالہ پروگرام پر تکنیکی بات چیت کے لئے پہلے ہی پاکستان میں موجود ہے۔ مشیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے اسلامک فنانس اور عالمی ترقی کے فروغ کے لئے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے حال ہی میں ہونے والے ایل این جی اور آئل کی درآمد کے لئے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کی فنانسنگ کی سہولت کو سراہتے ہوئے کہاکہ اقتصادی امور ڈویژن اور اسلامی ترقیاتی بینک کی ٹیموں کو اس سہولت سے مکمل مستفید ہونے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے پراجیکٹ فنانسنگ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم ظاہر کیا اور جامشورو کول فائرڈ پاور پلانٹ کے لئے جلد فنانسنگ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔ اسلامی ترقیاتی بینک کا اعلیٰ سطح کا وفد صحت، توانائی، پانی اور انفراسٹرکچر میں ممکنہ فنانسنگ کی راہیں تلاش کرنے کے لئے پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہے۔ دورے کے دوران وفد وزیر اعظم اور صدر مملکت سے بھی ملاقات کرے گا جبکہ اس کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ذمہ داران سے بھی ملاقات کرے گا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024